حیسکو چیف کی افسران کے ساتھ ماہانہ کارکردگی پر اہم اجلاس، ناقص کارکردگی پر ایک افسر معطل
حیدرآباد: حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے حیسکو کانفرنس ہال میں آپریشن سرکل حیدرآباد، اور آپریشن سرکل میرپورخاص کے افسران کے ساتھ ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں تمام سب ڈویژنز، ڈویژنز اور سرکلز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بجلی کی ریکوری، لائن لاسز میں کمی، بجلی چوری کے خلاف جاری اقدامات اور زیرو لوڈشیڈنگ فیڈرز کی کارکردگی پر خصوصی توجہ دی گئی۔
حیسکو چیف نے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سخت وارننگ جاری کی۔ جبکہ گاڑی کھاتہ ڈویژن کے ریونیو آفیسر (RO) اشفاق جانوری کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
اس موقع پر حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے کہا کہ صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور احترام سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ صارفین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں بجلی کی فراہمی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ٹیلیفون کالز اٹینڈ کی جا رہی ہیں اور صارفین کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھتے ہوئے انہیں بجلی کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حیسکو چیف نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین براہِ راست اپنے مسائل اور شکایات متعلقہ افسران تک پہنچا سکیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خاتمے، لائن لاسز میں کمی، ریکوری میں بہتری اور صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا رہے گا۔

No comments:
Post a Comment